پاکستان سپورٹس بورڈ وایکٹیویٹ کے درمیان صحت و کھیلوں کے فروغ کیلئے معاہدہ

"پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر لاہور اور ایکٹیویٹ کے درمیان کھیلوں کے فروغ، صحت و تندرستی کے معیار کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کے لیے دیرپا مواقع پیدا کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔”

لاہور۔16اگست (اے پی پی):پاکستان اسپورٹس بورڈکوچنگ سینٹر لاہور اور ایکٹیویٹ کے درمیان کھیلوں کے فروغ، صحت و تندرستی کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کے لیے دیرپا مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور کی ڈائریکٹر نوریش صبا ،ایکٹیویٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ونیشنل ہسپتال لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت ایکٹیویٹ ہر سال یومِ آزادی کے موقع پر پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور کے زیرِ اہتمام کھیلوں کی سرگرمیوں اور مقابلوں کو اسپانسر کرے گا، جس سے کھلاڑیوں کو بہتر مواقع اور نوجوانوں کی ترقی کے منصوبوں کو مزید معاونت حاصل ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوریش صبا نے اس شراکت داری کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے جشنِ آزادی 2026 کی تقریبات میں ڈاکٹر رضوان کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت، جس میں انتظامی سہولیات اور نقد انعامات شامل تھے، نے قومی تقریبات کو کھلاڑیوں اور شرکاء کے لیے مزید بامعنی اور یادگار بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تعاون کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے، صحت مند طرزِ زندگی کو پروان چڑھانے اور پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر رضوان کی کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات پر ان کی شکر گزار ہوں، ان جیسے لوگ نہ صرف ہمارے لیے قومی سرمایہ ہیں بلکہ ہم سب کے لیے ایک حقیقی تحریک بھی ہیں، جو قومی مقصد کی حمایت اور پاکستان کی بہتری کے لیے ہر ممکن سطح پر اپنا کردار ادا کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آنے والے برسوں میں ہم مل کر مزید موثر اور بامقصد اقدامات کا آغاز کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نے مفاہمتی یادداشت کو گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ اور پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں میں متحرک طرزِ زندگی اپنانے اور جسمانی صحت و مجموعی فلاح و بہبود کی اہمیت اجاگر کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ صحت مند ذہن اور صحت مند جسم ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتے ہیں،ہماری اکیڈمیاں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، صحت مند انتخاب کرنے اور نظم و ضبط کے ساتھ ایک فعال اور با مقصد زندگی گزارنے کی تعلیم دینے کے مراکز بن سکتی ہیں۔مفاہمتی یادداشت اس مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتی ہے کہ کھیلوں کو صحت، نظم و ضبط، اتحاد اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک موثر ذریعہ بنایا جائے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دریافت کرنے اور پاکستان کے روشن مستقبل میں مثبت کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ یہ شراکت داری ایک صحت مند، متحرک اور پراعتماد نسل کی تشکیل کے لیے مستقل تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے، جو عزم، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کے کھیلوں کے مستقبل کو آگے بڑھا سکے۔