"گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹ ہڑتال، ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور متعلقہ فریقین کے مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا۔”
گورنر سندھ کی زیرِ صدارت اعلی سطح کا اجلاس،ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹ ہڑتال اور متعلقہ فریقین کے مطالبات پر غور

مزید خبریں
کراچی۔ 16 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی زیرِ صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹ ہڑتال، ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور متعلقہ فریقین کے مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر سعید غنی، پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، میئر کراچی مرتضی وہاب، سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹروے پولیس، چیئرمین این ایچ اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی، جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اکبر نے کی۔اجلاس کے اختتام پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، میئر کراچی مرتضی وہاب، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اکبر اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اجلاس میں تمام فریقین کے موقف اور مطالبات تفصیل سے سنے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریقین ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہر ممکن تعاون اور قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پورا خطہ اس وقت غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں قومی یکجہتی، باہمی تعاون اور ملکی مفاد کو مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کی بہتری، استحکام اور ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مکہ مکرمہ میں سہ فریقی دفاعی معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہمی مشاورت، افہام و تفہیم اور قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔اس موقع پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدرنے ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹ ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ حکام کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔








