روی اولیویرا کی وولٹا اے پرتگال کے آخری سٹیج میں فتح، کامیابی فنلے ٹارلنگ کے اہلخانہ کے نام کر دی

روی اولیویرا کی وولٹا اے پرتگال کے آخری سٹیج میں فتح، کامیابی فنلے ٹارلنگ کے اہلخانہ کے نام کر دی

پورٹو ۔17اگست (اے پی پی):پرتگال سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ روی اولیویرا نے اپنے ہوم سٹی پورٹو میں ولٹا اے پرتگال ریس کا آخری سٹیج جیت لیا اور اپنی اس فتح کو 19 سالہ برطانوی سائیکلسٹ فنلے ٹارلنگ کے خاندان کے نام منسوب کر دیا۔بی بی سی کے مطابق فنلے ٹارلنگ جمعے کو ریس کے آٹھویں سٹیج کے دوران ایک افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کی ٹیم این ایس این ڈیولپمنٹ نے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی تاہم فنلےٹارلنگ کے اہلخانہ کی اجازت سے آخری دوسٹیجز مکمل کیے گئے۔فرانسیسی سائیکلسٹ الیکسس گوئرن کو فائنل ڈے میں کسی بڑے چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے اوور آل ریس میں فتح اپنے نام کر لی، جبکہ اولیویریا نے سپرنٹ فنش میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مرحلہ جیتا۔ 29 سالہ اولیویریا کا یہ بطور پروفیشنل روڈ سائیکلسٹ پہلا ٹائٹل تھا، جنہوں نے ریس میں باؤنڈز پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے دیگر ایتھلیٹس کے ساتھ حصہ لیا اور اپنے آبائی شہر میں شاندار کامیابی حاصل کی۔یو اے ای ٹیم ایمریٹس کے سائیکلسٹ اور اولمپک چیمپئن اولیویریا نے فتح کے بعد جذباتی انداز میں فنلے ٹارلنگ کے اہلخانہ، دوستوں اور ٹیم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دن بہت سخت تھے اور وہ اس تکلیف کا اندازہ لگا سکتے ہیں، اسی لیے وہ اپنی اس فتح کو فنلے ٹارلنگ کی یاد اور ان کے لواحقین کے نام منسوب کرتے ہیں۔