یوم آزادی کے موقع پر ہزارہ ڈویژن میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے،اصغر خان

چیف کنزرویٹر نادرن فاریسٹ ریجن ہزارہ اصغر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہزارہ ڈویژن میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، جو مقررہ 4 لاکھ 77 ہزار کے ہدف سے کہیں زیادہ ہیں۔

ایبٹ آباد۔ 17 اگست (اے پی پی):چیف کنزرویٹر نادرن فاریسٹ ریجن ہزارہ اصغر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہزارہ ڈویژن میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے جو مقررہ 4 لاکھ 77 ہزار کے ہدف سے کہیں زیادہ ہیں۔

شجرکاری کا سلسلہ مختلف اضلاع میں تاحال جاری ہے اور مہم میں متعلقہ سرکاری محکموں،تعلیمی اداروں،سول سوسائٹی اور مقامی افراد نے بھرپور حصہ لیا۔ ریجنل انفارمیشن آفیسر ہزارہ رضوان ملک سے ملاقات کے دوران چیف کنزرویٹر نادرن فاریسٹ ریجن ہزارہ اصغر خان نے بتایا کہ شجرکاری مہم کا مقصد جنگلات میں اضافہ،ماحول کو سرسبز بنانا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی ضروری ہے جس کے لیے محکمہ جنگلات اقدامات کر رہا ہے۔ چیف کنزرویٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ موجودہ درختوں اور جنگلات کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے گرین وژن کے تحت ہزارہ ڈویژن میں موزوں مقامات پر مزید شجرکاری جاری رکھی جائے گی۔