گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے این جے وی اسکول کا دورہ کیا، جہاں این جے وی اسکول مینجمنٹ بورڈ کے سی ای او مسعود اور دیگر انتظامیہ نے ان کا خیرمقدم کیا
گورنر سندھ کا این جے وی اسکول کا دورہ، طلبہ سے ملاقات، اے آئی اور آئی ٹی کی تعلیم پر زور

مزید خبریں
کراچی۔ 17 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے این جے وی اسکول کا دورہ کیا، جہاں این جے وی اسکول مینجمنٹ بورڈ کے سی ای او مسعود اور دیگر انتظامیہ نے ان کا خیرمقدم کیا۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران گورنر سندھ نے کلاس رومز، لائبریری، کھیل کے میدان، آرٹس اینڈ کلچر اور سائنس لیب کا معائنہ کیا،جہاں انہیں اسکول میں فراہم کی جانے والی تعلیمی و دیگر سہولیات، تعلیمی سرگرمیوں اور ادارے کی تاریخ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے اسکول میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔گورنر سندھ نے اسکول کے اس تاریخی ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوئے تھے۔ انہوں نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور نئی نسل کو اس سے آگاہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے بہتر مستقبل کی تلاش میں پاکستان کی طرف ہجرت کی تھی، آج کے نوجوانوں کو ترقی اور روشن مستقبل کے لیے اے آئی اور آئی ٹی کی طرف ہجرت کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار، قرضوں، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولیات کے مواقع موجود ہیں، نوجوان ان سہولیات سے استفادہ کرنے کے لیے وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ ہب سے رجوع کریں۔گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک جانا اچھی بات ہے، تاہم تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آکر ملک و قوم کی خدمت کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے وزیراعظم یوتھ پروگرام، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، قرضوں، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولیات سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے گورنر سندھ نے تفصیلی جوابات دیے۔چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مو ثر اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مو ثر اقدامات کو پورے ملک میں رائج کیا جانا چاہیے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نوجوانوں سے وابستہ ہے، ہمیں نوجوان نسل کو جدید علوم، بالخصوص اے آئی اور آئی ٹی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔








