راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں اضافی ٹریفک نفری تعینات

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم سمیت ٹریفک پولیس کے افسران اور جوان فیلڈ میں متحرک ہوگئے

راولپنڈی۔19اگست (اے پی پی):راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم سمیت ٹریفک پولیس کے افسران اور جوان فیلڈ میں متحرک ہوگئے، اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ لفٹرز مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے دوران ٹریفک وارڈنز اہم شاہراہوں پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی عارضی طور پر متاثر ہوئی تاہم ٹریفک وارڈنز کی فوری مداخلت سے متعدد شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معمول کے مطابق کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ نشیبی مقامات پر اضافی ٹریفک نفری تعینات ہے جبکہ لفٹرز مختلف شاہراہوں پر مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ خراب یا پانی میں پھنسنے والی گاڑیوں کو فوری طور پر سڑک سے ہٹایا جا سکے۔ واسا اور دیگر متعلقہ ادارے بھی نشیبی شاہراہوں سے بارش کا پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس افسران بارش کے دوران ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ دوران بارش غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی چلاتے ہوئے رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور زیر آب سڑکوں سے گزرتے وقت خصوصی احتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ معمولی سی احتیاط سے قیمتی وقت اور انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، شہری بارش کے دوران ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

 

مزید خبریں