پی سی بی کا پاک، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت پاکستان9 اکتوبر سے21 نومبر تک سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔

لاہور۔19اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت پاکستان9 اکتوبر سے21 نومبر تک سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔ دورہ کے دوران ٹی 20 انٹرنیشنل، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز بھی شیڈول ہے۔ سری لنکا کی ٹیم کا دورہ پاکستان4 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

تینوں میچز راولپنڈی میں ہوں گے، پہلا ٹی20 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی اور ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز میں شرکت کرے گی۔ تین ملکی ٹرائی سیریز میں میزبان پاکستان کے ساتھ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ یہ سیریز 18 سے31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جس میں تینوں ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف ون ڈے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

سری لنکا کی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل4 سے6 نومبر تک اسلام آباد میں تین روزہ میچ بھی کھیلے گی، جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگا۔ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوگی، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ9 سے13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ17 سے21 نومبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

یوں اکتوبر سے نومبر تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا بھرپور سلسلہ جاری رہے گا، جس میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل، تین ملکی ون ڈے ٹرائی سیریز اور دو ٹیسٹ میچز سمیت مختلف فارمیٹس کے مقابلے شائقین کرکٹ کو دیکھنے کو ملیں گے۔ اس دوران راولپنڈی، لاہور اور اسلام آباد بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں کے اہم مراکز ہوں گے۔

مزید خبریں