راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کی تھیسس نمائش کا انعقاد

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کے زیرِ اہتمام تھیسس نمائش 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں پینٹنگ، مجسمہ سازی اور منی ایچر آرٹ کے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے

راولپنڈی۔ 19 اگست (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کے زیرِ اہتمام تھیسس نمائش 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں پینٹنگ، مجسمہ سازی اور منی ایچر آرٹ کے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔یہ نمائش محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومتِ پنجاب اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔نمائش کا افتتاح راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیا، جبکہ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان افسر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی محمد شاکور، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پروفیسرز اور طلبہ و طالبات نے شازیہ رضوان افسر کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ نمائش میں شعبہ فائن آرٹس کے طلبہ و طالبات کے تخلیق کردہ فن پارے پیش کیے گئے، جن میں مصوری، مجسمہ سازی اور منی ایچر آرٹ کے ذریعے مختلف موضوعات اور تخلیقی خیالات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

شازیہ رضوان افسر نے نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کا جائزہ لیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔اس موقع پر شازیہ رضوان افسر نے کہا کہ ہماری بچیاں کسی بھی میدان میں کسی سے کم نہیں، وہ اپنی صلاحیتوں، محنت اور تخلیقی سوچ کے ذریعے نہ صرف ملک کا نام روشن کر رہی ہیں بلکہ معاشرے میں بھی مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں فنونِ لطیفہ کے فروغ اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں۔ حکومتِ پنجاب فنونِ لطیفہ اور نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔