پاکستانی قیمتی پتھروں کی موثر مارکیٹنگ اور برانڈنگ وقت کی اہم ضرورت ہے ،کراچی اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کی نمائشیں جلدہوں گی، ہارون اختر خان
پاکستانی قیمتی پتھروں کی موثر مارکیٹنگ اور برانڈنگ وقت کی اہم ضرورت ہے ،کراچی اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کی نمائشیں جلدہوں گی، ہارون اختر خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے قیمتی پتھروں کے شعبے میں ہنرمندی کے فروغ، ویلیو ایڈیشن، سرمایہ کاری، برانڈنگ اور برآمدات کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں اس شعبے کی بھرپور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی، کراچی اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کی نمائشیں جلد منعقد ہوں گی اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صنعت و پیداوار رانا احسان افضل، سیکرٹری صنعت و پیداوار، متعلقہ محکموں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، ویلیو ایڈیشن میں اضافے، عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ٹوپاز، روبی اور دیگر اعلیٰ قدر کے قیمتی پتھروں کی کان کنی کے لیے بلاکس کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ منظم اور اعلیٰ معیار کی کان کنی کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا موثر نفاذ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر رابطہ کاری اور پالیسیوں پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں اور معدنی وسائل کے ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرنے اور وسائل کی میپنگ کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ایک جامع ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے اور سرمایہ کاری و وسائل کے بہتر انتظام میں سہولت فراہم ہو۔
انہوں نے قیمتی پتھروں کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے برآمدات میں اضافہ اور ملک کے لیے زیادہ معاشی قدر پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیمتی پتھروں کی موثر مارکیٹنگ اور برانڈنگ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے اور عالمی منڈیوں میں مضبوط ’میڈ ان پاکستان‘ برانڈز متعارف کرائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیمتی پتھروں کے برانڈز کو عالمی سطح پر فروغ دینے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی مزید مستحکم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ مقامی کاروباری اداروں، کان کنوں، تاجروں، برآمد کنندگان اور بین الاقوامی خریداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور نئے کاروباری روابط کے فروغ کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کی خصوصی نمائشیں جلد منعقد کی جائیں گی۔
کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، فروغ، بین الاقوامی تعاون اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے تھائی لینڈ اور ایران کے ساتھ قریبی رابطہ کاری جاری ہے۔تجارت میں سہولت کے لیے کسٹمز اور دیگر متعلقہ محکمے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ قیمتی پتھروں کی تجارت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کسٹمز اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں سے متعلقہ HS Codes میں ترامیم بھی کی جا رہی ہیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے میں اب تک تقریباً 12 ہزار تربیتی پروگرامز منعقد کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید تین تربیتی کورسز اس وقت جاری ہیں۔
کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ کوئٹہ میں قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کے لیے ایک خصوصی تربیتی مرکز جلد قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کے شعبے کے لیے سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیں گے۔ہارون اختر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے میں ہنرمندی کے فروغ، ویلیو ایڈیشن، سرمایہ کاری، برانڈنگ اور برآمدات کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری رکھے گی اور عالمی منڈیوں میں اس شعبے کی بھرپور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔








