فیفا نے ویمنز ورلڈ کپ 2027 کے میچ شیڈول کا اعلان کر دیا، فائنل اور افتتاحی میچ تاریخی ’’ماراکانا سٹیڈیم ‘‘میں ہوگا

فیفا نے ویمنز ورلڈ کپ 2027 کے باضابطہ میچ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت برازیل کے 8 متحرک میزبان شہروں میں مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس شیڈول کا اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں واقع ’’ہوم آف فیفا‘‘ میں ویمنز ورلڈ کپ 2027 پلے آف ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے کی لائیو ڈرا تقریب کے دوران کیا گیا۔

خرم شہزاد

زیورخ۔20اگست (اے پی پی):فیفا نے ویمنز ورلڈ کپ 2027 کے باضابطہ میچ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت برازیل کے 8 متحرک میزبان شہروں میں مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس شیڈول کا اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں واقع ’’ہوم آف فیفا‘‘ میں ویمنز ورلڈ کپ 2027 پلے آف ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے کی لائیو ڈرا تقریب کے دوران کیا گیا۔میزبان ملک برازیل اپنی مہم کا آغاز جمعرات 24 جون کو ریو ڈی جنیرو کے مشہور ’’ایستادیو دو ماراکانا‘‘ سٹیڈیم سے کرے گا۔ برازیل کے بقیہ دو گروپ میچز منگل 29 جون کو ساؤ پالو کے ایرینا اتاکیرا اور اتوار 4 جولائی کو برازیلیا کے ایستادیو ناسیونال میں کھیلے جائیں گے۔

تمام آٹھ میزبان شہر کم از کم سات میچز کی میزبانی کریں گے جن میں کم از کم ایک ناک آؤٹ میچ شامل ہوگا۔ برازیلیا، پورٹو الیگری، ریسیف اور سلواڈور راؤنڈ آف 16 تک کے میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ بیلو ہوریزونٹے اور فورٹالیزا، ریو ڈی جنیرو اور ساؤ پالو کے ہمراہ کوارٹر فائنلز کے میزبان شہروں میں شامل ہوں گے۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس موقع پر کہا کہ ہم اگلے سال برازیل میں خواتین کے فٹ بال کی تاریخ کا ایک نیا باب رقم ہوتے دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں جہاں دنیا کے بہترین کھلاڑی، کوچز، شائقین اور مقامی کمیونٹیز مرکزِ نگاہ ہوں گے۔ برازیلین شائقین کے جوش و جذبے اور توانائی کا سوچ کر ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں جو دنیا بھر کا 8 شہروں میں والہانہ استقبال کریں گے۔

ٹورنامنٹ کا شیڈول شائقین کے جوش و خروش کو بتدریج عروج تک پہنچانے کے لئے مرتب کیا گیا ہے۔ ساؤ پالو ایک سیمی فائنل اور تیسری پوزیشن (برونز میڈل) کے میچ کی میزبانی کرے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل اور گرینڈ فائنل ریو ڈی جنیرو کے تاریخی ’’ایستادیو دو ماراکانا‘‘ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیفا فین فیسٹیولز شائقین کو جشن کا بھرپور موقع فراہم کریں گے۔فیفا کی چیف ویمنز فٹ بال آفیسر ڈیم سرائی بیئرمین نے کہاکہ میچ شیڈول کی تیاری کے دوران ہم نے تمام 32 ٹیموں کے لیے سفری فاصلوں، میچز کے درمیانی آرام کے وقت اور مجموعی تجربے کو مدنظر رکھ کر مکمل انصاف کو یقینی بنایا ہے، ہم چاہتے تھے کہ پورا برازیل اس جشن کا حصہ بنے۔

تاریخی ماراکانا اسٹیڈیم سے ٹورنامنٹ کا آغاز اس ایونٹ کو مزید یادگار بنا دے گا۔’’ایستادیو دو ماراکانا‘‘ دنیا کا تیسرا ایسا اسٹیڈیم بن جائے گا جسے فیفا مینز ورلڈ کپ اور فیفا ویمنز ورلڈ کپ دونوں کے فائنلز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا۔ اس سے قبل سویڈن کا راسونڈا اسٹیڈیم (1958، 1995) اور امریکا کا روز باؤل اسٹیڈیم (1994، 1999) یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

برازیل کی خواتین کی قومی ٹیم کی سابق کپتان اور فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2027 کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الین پیلیگرینو نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ساؤ پالو کی گلیوں میں فٹ بال کھیلنے والی چھوٹی بچی ’’الین‘‘ نے کبھی ایسے دن کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا۔ برازیل میں ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی ہمارے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے۔ ہر میزبان شہر کا اپنا منفرد انداز ہوگا، اور دنیا کی بہترین کھلاڑی شائقین کے اس جوش کا جواب میدان میں شاندار کارکردگی سے دیں گی۔