"دہشت گردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، سردار ایاز صادق”
دہشت گردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور عالمی امن و سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 21 اگست کو منایا جاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں پوری قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر ملک میں خوف و ہراس پھیلانا اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش اور ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی ہر کوشش کو قوم اور ریاستی ادارے مل کر ناکام بنائیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے درمیان موثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اور سکیورٹی فورسز متحد ہو کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے کا عالمی دن ہمیں ان معصوم شہریوں اور بہادر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کا دکھ اور ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی عزم، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ عزم کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔








