ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا مختلف علاقوں کا دورہ ، صفائی آپریشن کا جائزہ

راولپنڈی میں بارش کے دوران صفائی، نکاسی آب اور ویسٹ کلیئرنس آپریشن کا جائزہ

راولپنڈی۔ 20 اگست (اے پی پی):ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال اور مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ،انہوں نے بارش کے دوران فیلڈ میں جاری صفائی آپریشن، نالیوں کی صفائی، پانی کی نکاسی، ویسٹ کلیئرنس اور فیلڈ عملے کی موجودگی و کارکردگی کا موقع پر جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف اہم شاہراہوں، نشیبی علاقوں، بازاروں اور رہائشی آبادیوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و فیلڈ ٹیموں سے موقع پر بریفنگ لی،اس موقع پر ایم ڈی رانا ساجد صفدر نے افسران اور ورکرز کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران فیلڈ آپریشنز میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عملہ مکمل طور پر الرٹ رہے، انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی نالیوں، گلیوں اور پانی کے گزرگاہوں کی فوری صفائی کی جائے، جمع شدہ کچرے کو بروقت اٹھایا جائے اور جہاں کہیں پانی کھڑا ہو وہاں نکاسیٔ آب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں،رانا ساجد صفدر نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے نکاسیٔ آب کی روانی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور بارش کے دوران فیلڈ سٹاف شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرے،انہوں نے ہدایت کی کہ نالیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ پانی کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،ایم ڈی نے مختلف مقامات پر موجود سینٹری ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کی حاضری، دستیاب مشینری اور فیلڈ میں درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ورکرز کی بارش کے باوجود خدمات انجام دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ صفائی کے فرنٹ لائن ورکرز شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم بارش کے دوران اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل کریں،دورے کے دوران رانا ساجد صفدر نے شہریوں سے بھی براہِ راست گفتگو کی اور بارش کے دوران صفائی، پانی کے نکاس اور ویسٹ کلیئرنس کے حوالے سے ان کی مشکلات اور شکایات سنیں۔ شہریوں نے موقع پر موجود فیلڈ ٹیموں کی جانب سے صفائی اور پانی کی نکاسی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ایم ڈی نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیمیں بارش کے دوران اور اس کے بعد بھی صفائی کے عمل کو مسلسل جاری رکھیں گی اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی