نوجوان خصوصاً طالبات ہمارا روشن مستقبل ہیں، وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی

ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈیبیٹنگ اینڈ ڈیکلیمیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ ’’All Pakistan WUMUN Classic Edition 2026‘‘ کا پروقار افتتاح ہوگیا۔ ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں اور ویمن یونیورسٹیوں سے نوجوان طالبات، مندوبین اور مشاہدہ کاروں نے بھرپور شرکت کی

ملتان۔ 20 اگست (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈیبیٹنگ اینڈ ڈیکلیمیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ ’’All Pakistan WUMUN Classic Edition 2026‘‘ کا پروقار افتتاح ہوگیا۔ ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں اور ویمن یونیورسٹیوں سے نوجوان طالبات، مندوبین اور مشاہدہ کاروں نے بھرپور شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے ربن کاٹ کر کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوان خصوصاً طالبات ہمارا روشن مستقبل ہیں، انہیں سفارت کاری، مذاکرات، قائدانہ صلاحیتوں اور بین الاقوامی تعلقات کی سمجھ بوجھ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز جیسی سرگرمیاں نوجوانوں کو عالمی چیلنجز کو سمجھنے اور دلیل کے ساتھ اپنی رائے پیش کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صبر، برداشت، استقامت اور احساس ذمہ داری کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔

ایک اچھا رہنما بہترین سامع، مؤثر منصوبہ ساز اور تحمل سے فیصلے کرنے والا ہوتا ہے۔ نوجوان ناکامی سے مایوس ہونے کے بجائے مسلسل محنت کریں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ کانفرنس کے دوران پانچ خصوصی کمیٹیوں کے اجلاس شروع ہوگئے، جن میں پاکستان نیشنل اسمبلی میں ٹیکنیکل و ہائر ایجوکیشن اصلاحات اور نوجوانوں کی بے روزگاری، انسانی حقوق کونسل میں مصنوعی ذہانت کے دور میں پرائیویسی اور آزادی اظہار، جبکہ یو این ویمن میں آن لائن صنفی تشدد اور ڈیجیٹل سکیورٹی پر بحث کی گئی۔ سلامتی کونسل میں سوڈان کی صورتحال اور علاقائی امن جبکہ فلانتھروپی کمیٹی میں قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد اور معذور افراد کے مساوی حقوق زیر بحث آئے۔ کانفرنس کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے مندوبین میں انعامات اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔