ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ کی زیر صدارت بریسٹ فیڈنگ کے مہینے کے حوالے سے ضلعی سطح پرآگاہی مہم کے سلسلے میں اجلاس

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اوتھل میں بریسٹ فیڈنگ کے مہینے کے حوالے سے ضلعی سطح پر آگاہی مہم کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ، جس کا مقصد مائوں اور خاندانوں میں ماں کے دودھ کی اہمیت اور اس کے طبی فوائد کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا

کوئٹہ۔ 20 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اوتھل میں بریسٹ فیڈنگ کے مہینے کے حوالے سے ضلعی سطح پر آگاہی مہم کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ، جس کا مقصد مائوں اور خاندانوں میں ماں کے دودھ کی اہمیت اور اس کے طبی فوائد کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی، ڈپٹی ڈی ایچ او قمر اللہ رونجھو اور ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر محمد یوسف رونجھو نے کہا کہ ماں کا دودھ نومولود بچے کے لیے قدرت کا بہترین اور مکمل غذائی ذریعہ ہے، جو بچے کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ اسے مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مقررین نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد اس کے لئے ماں کا دودھ انتہائی ضروری ہے جبکہ پیدائش سے لے کر پہلے چھ ماہ تک بچے کو صرف اور صرف ماں کا دودھ پلایا جائے۔ چھ ماہ کی عمر مکمل ہونے کے بعد بچے کو مناسب اضافی غذا دینے کے ساتھ ساتھ ماں کا دودھ بھی جاری رکھنا چاہیے تاکہ بچے کو مطلوبہ غذائیت ملتی رہے اور اس کی صحت مند نشوونما یقینی بنائی جا سکے۔

مقررین نے کہا کہ ماں کا دودھ صرف بچے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ماں اور بچے کی صحت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ ماں کا دودھ بچے کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور مختلف بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بریسٹ فیڈنگ کے فروغ کے لیے صرف محکمہ صحت کی کوششیں کافی نہیں بلکہ ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی، خاندانوں اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ماؤں کو دورانِ حمل اور بچے کی پیدائش کے بعد بریسٹ فیڈنگ کے حوالے سے درست معلومات، بروقت رہنمائی، مشاورت اور عملی معاونت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر محمد یوسف رونجھو نے بریسٹ فیڈنگ کا مہینہ منانے کے مقاصد اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سےیونیسف کے تعاون سے جاری غذائی پروگرامز اور ماں کے دودھ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں سے شرکا کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر دوپاسی جہانگیر بلوچ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مرف سعد اللہ ،نیشنل پروگرام کی ڈسٹرکٹ سپورٹ آفیسر زارا قیوم سمیت لیڈی ہیلتھ ورکرز ودیگر نے شرکت کی۔