ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکیورٹی اجلاس

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکیورٹی اجلاس کا انعقاد کیا گیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کہا کہ سرگودھا پولیس

سرگودھا ۔ 20 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے سکیورٹی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کہا کہ سرگودھا پولیس کی جانب سے 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور محافلِ میلاد کے لیے سیکیورٹی کے جامع اور فُول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں جلوسوں کےرُوٹس، حساس مقامات اور دیگر اہم مقامات پر فُول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ اپنےفرائض سر انجام دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ محبت، اخُوت، بھائی چارے اور امن کا پیغام ہے اور اس موقع پر امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم نے تمام سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس افسران اور تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور محافل کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام ضروری اقدامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کر لیے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ؐ کے پُرمسرت موقع پر بہترین انتظامات کے ذریعے شہریوں کو سازگار اور پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور 12 ربیع الاول کے تمام پروگراموں کے بخیر و خوبی انعقاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن سرگودھا عمران عباس چدھڑ، ایس پی ہیڈ کوارٹر چوہدری ضیاء اللہ ، ایس پی سیف سٹی عامر مشتاق ، اے ایس پی سٹی سرکل وقار احمد خان، تمام سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس افسران ، تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز، سپیشل برانچ ، آر آئی بی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔