یو ایس اوپن ٹینس کی انعامی رقم میں تاریخی اضافہ، چیمپئنز کو 55 لاکھ ڈالر ملیں گے

یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن (یو ایس ٹی اے) نے 2026 کے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم میں تقریباً 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق تاریخ کی سب سے بڑی مجموعی انعامی رقم 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے

نیویارک ۔21اگست (اے پی پی):یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن (یو ایس ٹی اے) نے 2026 کے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم میں تقریباً 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق تاریخ کی سب سے بڑی مجموعی انعامی رقم 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نامور کھلاڑیوں کی جانب سے مکسڈ ڈبلز ایونٹ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ خواتین اور مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چیمپئنز کو 55 لاکھ ڈالر فی کس ملیں گے، جبکہ پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کی انعامی رقم 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔انعامی رقم میں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے 20 لاکھ ڈالر بھی مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم ایک آزاد اکاؤنٹ میں رکھی جائے گی، جبکہ اس پروگرام کی تفصیلات طے کرنے میں کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔چاروں گرینڈ سلام ٹورنامنٹس نے گرینڈ سلام پلیئر کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹس سے متعلق معاملات اور انعامی رقم سمیت مختلف امور پر براہ راست اپنی رائے دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔کھلاڑی طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹس اپنی آمدنی کا 16 فیصد انعامی رقم کے لیے مختص کریں، جسے 2030 تک بڑھا کر 22 فیصد کیا جائے۔ تاہم یو ایس اوپن کی 2025 کی مالی رپورٹ ابھی جاری نہیں ہوئی، اس لیے یہ واضح نہیں کہ ٹورنامنٹ نے 16 فیصد کا ہدف حاصل کیا ہے یا نہیں۔رواں سال انعامی رقم میں سب سے بڑا فیصدی اضافہ پہلے راؤنڈ میں ہوا ہے جبکہ بعد کے ہر راؤنڈ میں اضافے کی شرح بتدریج کم ہوتی جائے گی۔ مکسڈ ڈبلز میں بھی پہلے راؤنڈ کی انعامی رقم 2 گنا کر دی گئی ہے، تاہم فاتح جوڑی کو ملنے والی مجموعی رقم 10 لاکھ ڈالر برقرار رہے گی۔یو ایس اوپن 30 اگست سے شروع ہوگا۔

مزید خبریں