دشمن کے مذموم عزائم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنائے جائیں گے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنائے جائیں گے،دشمن کے پراپیگنڈے کا جامع اور بلا جھجھک مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان اور اس …

راولپنڈی۔21اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنائے جائیں گے،دشمن کے پراپیگنڈے کا جامع اور بلا جھجھک مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔جمعے کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے بلوچستان کی ممتاز شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی جس دوران چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار لوگوں کی سرزمین ہے۔انہوں نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، دیرپا امن اور استحکام صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور بلوچستان کے وافر انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی حقیقی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان ہمارے معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں جنہیں دشمن عناصر بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے، اس کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے یہ عزائم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنائے جائیں گے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی ممتاز شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور تعمیری قومی مکالمے کو آگے بڑھانے میں کردار کو سراہا۔انہوں نے زور دیا کہ دشمن کے پراپیگنڈے کا جامع اور بلا جھجھک مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان و اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ممتاز شخصیات اور شرکاء نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام غیر ملکی سرپرستی سے پیداہونے والے خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔شرکا نے عوام پر مرکوز ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا تاکہ پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کی تشکیل ممکن ہو جہاں صرف سچ کی فتح ہو اور دشمن قوتوں کا بیانیہ ان کے اپنے پراپیگنڈے اور جھوٹ کے بوجھ تلے دفن ہو جائے