وفاقی وزیر خزانہ سے آئی سی سی ڈی کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات، اقتصادی تعاون، حلال معیشت اور اسلامی فنانس کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی )کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوّی نے ملاقات کی جس دوران اقتصادی تعاون، حلال معیشت، اسلامی فنانس اور نجی شعبے کے درمیان روابط کے فروغ کے امکانات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی )کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوّی نے ملاقات کی جس دوران اقتصادی تعاون، حلال معیشت، اسلامی فنانس اور نجی شعبے کے درمیان روابط کے فروغ کے امکانات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی کاروباری برادری کو عالمی کاروباری نیٹ ورکس سے منسلک کرنے، حلال فوڈ، فیشن، حلال سیاحت، خدمات اور دیگر صارفین کی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مواقع پیدا کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو حلال معیشت کے وسیع تصور سے آگے بڑھتے ہوئے مخصوص مصنوعات، شعبوں اور عالمی منڈیوں کی نشاندہی کرنی چاہیے تاکہ پاکستانی کاروبار ابھرتے ہوئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

آئی سی سی ڈی کے سیکرٹری جنرل نے اسلامی چیمبر کی عالمی سطح پر بڑھتی سرگرمیوں اور مسلم کاروباری برادریوں کو نجی شعبے اور ادارہ جاتی شراکت داروں سے جوڑنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان کے اسلامی مالیاتی نظام کو مزید مستحکم کرنے، اسلامی اقتصادی و مالیاتی پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون بڑھانے اور پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے تجارتی طور پر قابلِ عمل مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

فریقین نے بین الاقوامی کانفرنسوں، بزنس فورمز اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستانی کاروباری برادری اور عالمی کاروباری نیٹ ورکس کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلامی چیمبر کی پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے عملی اور قابلِ عمل تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جانے چاہئیں۔