وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے سعودی انویسٹمنٹ فورم کے وفد کی ملاقات، سعودی کاروباری برادری کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی کا اظہار

وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے سعودی انویسٹمنٹ فورم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کنور قطب الدین نے کی جبکہ وفد میں صدر پاکستان انویسٹر اینڈ بزنس فورم انجینئر غلام صفدراور چیئرمین موکامیلا انٹرنیشنل ایل ایل سی راجہ ریاض بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ، کاروباری روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں سعودی …

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے سعودی انویسٹمنٹ فورم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کنور قطب الدین نے کی جبکہ وفد میں صدر پاکستان انویسٹر اینڈ بزنس فورم انجینئر غلام صفدراور چیئرمین موکامیلا انٹرنیشنل ایل ایل سی راجہ ریاض بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ، کاروباری روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے وفاقی وزیر کو سعودی انویسٹمنٹ فورم، اس کے ڈھانچے اور مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے بتایا کہ ریاض اور جدہ میں قائم پہلے سے موجود علیحدہ فورمز کو اب سعودی عرب کے لیے ایک متحد فورم میں ضم کر دیا گیا ہے جس کے نیٹ ورک میں 400 سے زائد کاروباری ادارے شامل ہیں۔ وفد نے واضح کیا کہ فورم میں مستند اور حقیقی کاروباری ادارے شامل ہیں اور اس کا مقصد تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے ایک قابل اعتماد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔وفد نے سعودی عرب کے خطے میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے ایک تیزی سے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ سعودی عرب میں کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی تجارتی روابط کے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

سعودی وفد نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے وفاقی وزیر کی کاروباری برادری اور نجی شعبے کے مسائل سے گہری واقفیت کو بھی سراہا، جو ان کے وسیع کاروباری تجربے کا مظہر ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور ان کے کزن فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط معاشی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان حقیقی اور مستند سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے اور یقین دلایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند مستند سعودی اداروں کو مکمل سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو موزوں مواقع کی نشاندہی، متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور سرمایہ کاری کے عمل کے دوران درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔میاں قیصر احمد شیخ نے وفد کو بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعزازی سرمایہ کاری مشیروں کے کردار سے بھی آگاہ کیا جو بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرنے، سرمایہ کاری کے مواقع کی تشہیر اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے درمیان پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فعال اور موثر اقدامات کر رہا ہے جن کے تحت پاکستان میں موجود متنوع سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی کاروباری برادری کے سامنے اجاگر کیا جا رہا ہے اور بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی اہم منڈیوں میں کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ضابطہ جاتی اصلاحات پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے جن کا مقصد غیر ضروری طریقہ کار کا خاتمہ، قواعد و ضوابط کو آسان بنانا اور کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری ماحول کو سرمایہ کار دوست بنانے اور کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

میاں قیصر احمد شیخ نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کو بھی بورڈ آف انویسٹمنٹ کا ایک اہم اقدام قرار دیا جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو سرکاری محکموں کے ساتھ زیادہ موثر، مربوط اور آسان رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے اور ایک ہی جگہ پر مختلف حکومتی خدمات تک رسائی کے ذریعے ضابطہ جاتی اور انتظامی مشکلات کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، صنعتی پیداوار، توانائی، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، غذائی مصنوعات کی تیاری، سیاحت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور استفادہ کریں اور یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اپنے کاروباری تجربے کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں خود ایک کاروباری شخص ہوں اور سرمایہ کاری، کاروباری اعتماد اور سازگار کاروباری ماحول کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے ساتھ طویل وابستگی اور عملی تجربے کی وجہ سے وہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو درپیش عملی مسائل کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے فلاحی اور سماجی شعبے بالخصوص تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی خدمات کا بھی ذکر کیا اور چنیوٹ میں فاسٹ یونیورسٹی کے قیام میں اپنے کردار کا حوالہ دیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے خصوصی تعلقات پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے سعودی عرب کو پاکستان کا برادر ملک اور اہم معاشی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔سعودی انویسٹمنٹ فورم کے وفد نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو فورم کی جانب سے مستقبل میں منعقد کی جانے والی ایک سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنمائوں کے ساتھ مزید رابطے بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی انویسٹمنٹ فورم اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے درمیان قریبی روابط سے موجودہ کاروباری دلچسپی کو عملی سرمایہ کاری منصوبوں، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ مستند سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کو عملی منصوبوں اور باہمی مفاد پر مبنی معاشی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔