اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی)کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی نے کہا ہے کہ پاکستان جدید شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی مصنوعات، موثر ریگولیٹری فریم ورک اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے عالمی اسلامی معیشت میں اپنا حصہ نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔
عالمی اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، یوسف حسن خلاوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی)کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی نے کہا ہے کہ پاکستان جدید شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی مصنوعات، موثر ریگولیٹری فریم ورک اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے عالمی اسلامی معیشت میں اپنا حصہ نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی ٹاک سیریز میں اسلامی مالیات کا مستقبل ، پاکستان اور عالمی تناظر کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی مسلم آبادی، وسیع اوورسیز کمیونٹی، تیزی سے ترقی کرتی اسلامی مالیاتی مارکیٹ اور عالمی مالیاتی شعبے میں کام کرنے والے پاکستانی ماہرین ملک کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
یوسف حسن خلاوی نے کہا کہ اسلامی مالیات کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، خصوصاً فن ٹیک اور نئی مالیاتی مصنوعات میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔مقاصد شریعہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کا مقصد صرف مالی لین دین نہیں بلکہ وسیع تر سماجی اور معاشی ترقی بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے لسٹڈ وقف کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے چھوٹی انفرادی رقوم کو بھی شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے زرعی فنانسنگ کو بھی ایک اہم اور بڑی حد تک غیر استعمال شدہ شعبہ قرار دیتے ہوئے اس کے لیے خصوصی شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی مصنوعات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قرض حسنہ کی فراہمی کو آسان اور کم لاگت بنانے میں فن ٹیک کے ممکنہ کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ایس ای سی پی کے کمشنر امتیاز حیدر نے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 309 شریعہ کمپلائنٹ سکیورٹیز لسٹڈ ہیں، جو مارکیٹ کی مجموعی کیپٹلائزیشن کا 65 فیصد اور تقریباً 13.2 ٹریلین روپے بنتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی میوچل فنڈز کے اثاثے جون 2023ء کے 722 ارب روپے سے بڑھ کر جون 2026ء میں 2.2 ٹریلین روپے ہو گئے ہیں جبکہ ملک کے 389 میوچل فنڈز میں سے 197 شریعہ کمپلائنٹ ہیں۔ انہوں نے اسلامی مائیکروفنانس، ہائوسنگ فنانس، انویسٹمنٹ فنانس اور شریعہ کمپلائنٹ کریڈٹ رسک شیئرنگ سمیت نئی مالیاتی مصنوعات کا بھی ذکر کیا۔سیشن کی میزبانی ایس ای سی پی کے اسلامی مالیات ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر طارق نسیم نے کی۔ تقریب میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، کمشنرز، سینئر افسران، مالیاتی اداروں کے نمائندوں اور ماہرین نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یوسف حسن خلاوی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔








