"جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔”
جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کا حلف اٹھا لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کے بیرون ملک دورے کے باعث جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔وفاقی آئینی عدالت پاکستان میں منعقدہ پروقار تقریب میں جسٹس عامر فاروق نے جسٹس سید حسن اظہر رضوی سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے معزز ججز، رجسٹرار، عدالت کے افسران، وزارت قانون، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے نمائندگان اور عہدیداران نے شرکت کی۔حلف اٹھانے کے بعد جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ان کی تقرری کا مقصد عدالتی اور انتظامی امور میں تسلسل برقرار رکھنا اور آئینی انصاف کی بلا تعطل، مؤثر اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کے مطابق یہ انتظام ادارہ جاتی تسلسل، آئینی حکمرانی، عدالتی ذمہ داریوں کی بلا تعطل انجام دہی اور قانون کی حکمرانی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔عدالت آئین کی بالادستی اور آئینی انصاف کی موثر فراہمی کے لیے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں بدستور انجام دیتی رہے گی۔








