سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 49 خوارجی دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کیلئے مختلف کارروائیاں، 49 خوارجی دہشت گرد ہلاک

مزید خبریں
راولپنڈی۔21اگست (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے مختلف کارروائیوں کے دوران 49 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے اور خوارج و دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کی پرعزم کوششوں کے سلسلے میں گزشتہ چند روز کے دوران سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ساتھ مل کر متعدد تیز رفتار، مشترکہ اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلاامتیاز انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں۔ ان کارروائیوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچاتے ہوئے 49 دہشت گردوں/خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو موثر طور پر ناکام بنا دیا گیا۔خیبر پختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں متعدد تیز رفتار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی کے ڈیٹونیٹنگ ریموٹ، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے تباہ کر دی گئیں۔بلوچستان میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشت گردوں کو موثر طور پر ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرم اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تباہ کر دیئے گئے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں اور عوام کے دفاع کے اپنے عزم پرمکمل طور پر ثابت قدم اور پرعزم ہیں۔ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج/دہشت گردوں کے خاتمے کے لیےسینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔








