وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے سلک روڈ فنڈ کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سلک روڈ فنڈ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے چین کے معروف سرمایہ کاری فنڈ سلک روڈ فنڈ (ایس آر ایف) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت فنڈ کی چیئرپرسن ژو جون نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ معاشی پیش رفت سے آگاہ کیا جس میں مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری، بیرونی کھاتے کے استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور مجموعی معاشی صورتحال میں بہتری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے ساختی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملکی وسائل کو متحرک کرنے، ٹیکس بیس وسیع کرنے، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ٹیکس انتظامی نظام کو بہتر بنانے اور توانائی کے شعبے میں ساختی مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی اقتصادی نمو اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پالیسیوں میں تسلسل، ادارہ جاتی نظام کی مضبوطی اور اہم شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلک روڈ فنڈ جیسے عالمی سرمایہ کاری اداروں کے ساتھ تعاون سرمایہ کی تشکیل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پیداواری معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ملاقات میں پاکستان کے نجکاری پروگرام اور انفراسٹرکچر، توانائی، مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے سرمایہ کاری اور نجکاری کے اقدامات میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت ضروری ہے۔سلک روڈ فنڈ کے وفد نے پاکستان کے ساتھ مزید تعاون اور رابطوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ملکی معاشی بنیادوں کو مستحکم بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ ژو جون نے کہا کہ وفد نے ابتدائی طور پر جن نجی شعبے کے منصوبوں کا جائزہ لیا، ان میں سے متعدد کے معیار اور استعداد سے وہ خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے نجی شعبے کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ ژو جون نے کہا کہ سلک روڈ فنڈ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی، نجی شعبے کی ترقی اور ایسے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی رکھتا ہے جو وسیع تر معاشی اور سماجی فوائد پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ملاقات میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات بالخصوص بجلی کی ترسیل، تقسیم اور کارکردگی میں بہتری کے لیے وسیع تر ساختی اصلاحات سے پیدا ہونے والے سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے نجی شعبے کے بارے میں سلک روڈ فنڈ کے مثبت جائزے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارہ جاتی سرمایہ اور پاکستان میں قابل اعتماد اور تجارتی بنیادوں پر قابل عمل منصوبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ پاکستانی اداروں، نجی شعبے اور سلک روڈ فنڈ کے درمیان مسلسل رابطوں کی حوصلہ افزائی کی تاکہ قابل عمل سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔سلک روڈ فنڈ کے وفد میں محکمہ قانون کے ڈپٹی ہیڈ فو لنگ ژی، ڈیپارٹمنٹ IV کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر چینگ لیانگ، انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر وانگ فووئی اور انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی سینئر مینجر می کیانگ شامل تھیں۔ملاقات میں وزارت خزانہ، اقتصادی امور ڈویژن اور سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔