پاکستان نے جاپان کو 4-3 سے شکست دے دی

"پاکستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دے دی۔”

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):بیلجیئم و نیدرلینڈز میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دے دی۔

پاکستان نے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔ جاپان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ساتویں منٹ میں ہیوتا یامادا نے گول کرکے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کی، جبکہ 15ویں منٹ میں کائٹو تاناکا نے جاپان کی برتری 0-2 کردی۔پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں بھرپور واپسی کی۔ 22ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا، جبکہ 32ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے ہی دوسرا گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ اس کے ایک منٹ بعد 33ویں منٹ میں حمادالدین محمد نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی۔ جاپان نے 36ویں منٹ میں کوجی یاماساکی کے گول کی بدولت مقابلہ ایک بار پھر 3-3 سے برابر کردیا، تاہم پاکستان نے ہمت نہ ہاری اور 41ویں منٹ میں شاہد حنان نے فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو 4-3 کی برتری دلا دی۔ میچ کے آخری لمحات میں جاپان نے برابری کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے مضبوط کھیل پیش کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔ یوں پاکستان نے ایک دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے میں جاپان کو 4-3 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔