"کوئی بھی مذہب تشدد کی ترغیب یا اجازت نہیں دیتا، مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد قابل مذمت عمل ہے، مریم نواز”
کوئی بھی مذہب تشدد کرنے کی تر غیب و اجازت نہیں دیتا،وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکا پیغام

مزید خبریں
لاہور۔22اگست (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مذہبی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ کوئی بھی مذہب تشدد کرنے کی تر غیب اور اجازت نہیں دیتا، ایسا کوئی مہذب معاشرہ نہیں جو مختلف عقائد رکھنے والوں پر تشدد کی حمایت کرتا ہو ،مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد قابل مذمت عمل ہے ۔
وزیراعلی نے کہاکہ مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے، بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا اس کی مثال ہے،دہائیوں سے کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مذہبی عقائد کی بنیاد پر تشدد کیا جا رہا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ پاکستان ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کو برابر کا احترام دیتا ہے،پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ مختلف مذاہب کی نمائندگی ہے، سب پاکستانی ہیں، کوئی تفریق نہیں ،اقلیتوں پر اٹھنے والے ہاتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے،حکومت پنجاب مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ ہمیں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تعصب یا تشدد کو روکنا ہوگا ،معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں،مذہبی تفریق اور نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی، عقیدے اور مذہب کی بنیاد پر تشدد و نفرت کا نشانہ بننے والے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔وزیراعلی نے اپیل کی کہ تشدد وتعصب کے خلاف کھڑے ہوں اورپرامن ومحفوظ معاشرے کے لیے کردار ادا کریں۔








