وفاقی وزیر ریلوے کا مسافروں کی سہولت کے پیش نظر مزید دو اہم ٹرینیں بحال کرنیکا اعلان

وزیر ریلوے حنیف عباسی کا مسافروں کی سہولت کے لیے مزید دو اہم ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان

لاہور۔22اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر مزید دو اہم ٹرینیں بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے

ترجمان کے مطابق موہنجو دڑو ٹرین 15 ستمبر سے فعال ہو جائے گی جبکہ سیالکوٹ سے راولپنڈی کے درمیان بند ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز 15 اکتوبر سے کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے ریلوے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل تمام تکنیکی، آپریشنل اور مسافر سہولیات کے انتظامات کو مکمل کیا جائے۔محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح عوام کو سستا، آرام دہ اور محفوظ سفر فراہم کرنا ہے، جس کے تحت مرحلہ وار تمام معطل ٹرینوں کو دوبارہ پٹڑی پر لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نیٹ ورک کی بحالی سے بین الاضلاعی رابطوں کو فروغ ملے گا اور تجارتی و عوامی نقل و حمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ایم ایل ون (ML-1) منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے پر ورکنگ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی اور آئندہ برس جنوری میں اس پر باقاعدہ کام کا آغاز طے کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے کا نقشہ بدل کر رکھ دے گا جس کے مثبت اثرات قومی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم خود ایم ایل ون پر مسلسل اپ ڈیٹس لے رہے ہیں اور وزارتِ ریلوے قیادت و قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔