کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دیدی

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کے لیے تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ہفتہ کے روز کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا۔کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے بیچ-I کی ڈسکوز آئیسکو،فیسکو،گیپکو کے لیے تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

منصوبے کے تحت ڈسکوز کے زمین سے متعلق اثاثے حکومتِ پاکستان کی ملکیتی پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے جو بطور ہولڈنگ کمپنی کام کرے گی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا نجکاری کا اقدام ڈسکوز کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور نقصانات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔منصوبے پر عملدرآمد اسکیم آف ارینجمنٹ کے ذریعے کیا جائے گاجسے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹری پاور،سیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری نجکاری، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور وزارتِ خزانہ، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔