گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی انٹرنیشنل فائونڈیشن پروگرام بیچ 2025کی گریجویشن تقریب میں شرکت

گورنر سندھ نہال ہاشمی کی انڈس یونیورسٹی کے انٹرنیشنل فاؤنڈیشن پروگرام کی گریجویشن تقریب میں شرکت

کراچی۔ 22 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے انڈس یونیورسٹی میں لرننگ ریسورس نیٹ ورک کے تحت جاری انٹرنیشنل فائونڈیشن پروگرام بیچ 2025کی گریجویشن تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب گریجویٹس، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباددی۔ ۔

ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آج کا دن گریجویٹس کی محنت، عزم، والدین کی دعائوں اور اساتذہ کی رہنمائی کی کامیابی کا دن ہے اور پاکستان کے نوجوان صلاحیت، محنت، ذہانت اور عزم میں کسی سے پیچھے نہیں۔انہوں نے کہاکہ گریجویٹس کے ہاتھ میں صرف سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ نئے مواقع، امکانات اور ذمہ داریوں کی کنجی ہے۔ تعلیم محض ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں، حقیقی تعلیم انسان کو سوچنے، سمجھنے اور مسائل کا حل تلاش کرنے کا شعور دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی حقیقی ترقی اس کے تعلیم یافتہ، ہنرمند اور باکردار نوجوانوں سے ہوتی ہے۔ لرننگ ریسورس نیٹ ورک جیسے بین الاقوامی پروگرام طلبہ کو عالمی تعلیمی نظام سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں اور نوجوان ہمارا سب سے بڑا قومی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، ٹیکنالوجی، تحقیق اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور تحقیق نے دنیا کے معاشی و سماجی نظام کو تبدیل کردیا ہے، ہمیں نوجوانوں کو صرف موجودہ دنیا کے لیے نہیں بلکہ مستقبل کی دنیا کے لیے تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے گریجویٹس کو تلقین کی کہ وہ صرف ملازمت تلاش کرنے والے نہیں بلکہ روزگار پیدا کرنے والے بنیں اور صرف ٹیکنالوجی استعمال نہ کریں بلکہ ٹیکنالوجی تخلیق کریں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ڈگری آپ کی قابلیت کا ثبوت ہے، لیکن آپ کا کردار آپ کی اصل پہچان ہوگا، پاکستان کے نوجوان آگے بڑھیں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج آپ لوگوں کا ایک خواب پورا ہوا ہے، اور میرے بھی کچھ خواب ہیں۔ علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسے ایٹمی طاقت بنا کر اس خواب کو حقیقت دی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی عسکری قوت نے ملک کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے کہ کوئی دشمن میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم متحد ہوکر کام کرے تو خواب حقیقت بن جاتے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ 2047ء میں پاکستان اپنی آزادی کی صد سالہ سالگرہ منائے گا، اس وقت ملک کی باگ ڈور آج کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو اسکالرشپس، روزگار، قرضوں اور دیگر مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ آپ ہی میں سے مستقبل کے وزیر اعظم، صدر، گورنر، وزرائے اعلی، سرکاری افسران اور مختلف شعبوں کے ماہرین سامنے آئیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آپ ہیں، اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں، اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔