پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے خریداروں کی غیر معمولی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزا ہے، اب تک 50 سے زائد غیر ملکی خریدار رجسٹریشن کرا چکے ہیں
غیر ملکی خریداروں کی رجسٹریشن جاری، عالمی نمائش نئے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی، چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے خریداروں کی غیر معمولی دلچسپی انتہائی حوصلہ افزا ہے، اب تک 50 سے زائد غیر ملکی خریدار رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ توقع ہے کہ یہ تعداد 100 سے تجاوز کر جائے گی،عالمی نمائش کا مقصد پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے نئے خریدار وں کی تلاش ، برآمدی آرڈرز کا حصول اور اس صنعت کی عالمی سطح پر پوزیشن کومزید مستحکم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے عالمی نمائش کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرپرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن، سینئر ممبر عثمان اشرف، سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی نمائش کی تیاریوں کیلئے قائم کمیٹیوں کے نمائندوں نے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔میاں عتیق الرحمن اور ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین عالمی منڈی میں اعلیٰ معیار ،منفرد اور جدید ڈیزائنز کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں تاہم برآمدات میں اضافے کیلئے عالمی خریداروں سے براہ راست روابط اور موثر مارکیٹنگ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی نمائش نئے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے اور پاکستانی قالینوں کیلئے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔انہوں نے عالمی نمائش میں سٹالز حاصل کرنے والے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ اعلی معیار اور جدید ڈیزائنز سے مزین مصنوعات ڈسپلے کریں اور مستقبل میں مضبوط کاروباری روابط کیلئے غیر ملکی خریداروں سے سائیڈ لائن ملاقاتوں کا بھی اہتمام کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی نمائش کے ذریعے پاکستان کی قالین سازی کی صنعت کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جاسکے گا جس سے برآمدی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔ اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ غیر ملکی خریداروں کو سکیورٹی سمیت ہر طرح کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔







