وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ملاقات
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے طاہر محمود اشرفی کی ملاقات، بین الاقوامی سیرت کانفرنس، حج انتظامات اور بین المذاہب ہم آہنگی پر بات چیت
اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مجوزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس، حج انتظامات اور ملک میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گزشتہ حج کے دوران عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات اور رواں سال حجاجِ کرام کی سہولت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر وفاقی وزیر اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے گزشتہ دو برس کے دوران حجاجِ کرام کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے قابلِ قدر اور قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے حوالے سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کانفرنس سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں پاکستان اور عالمِ اسلام کی نوجوان نسل کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مثبت، مؤثر اور جامع لائحہ عمل پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ملاقات میں ملک میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے قومی پیغامِ امن کمیٹی اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور قومی وحدت کے فروغ میں قومی پیغامِ امن کمیٹی اور پاکستان علماء کونسل کے کردار کو سراہا۔انہوں نے ملک میں پُرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے مذہبی قیادت اور دینی و مذہبی تنظیموں کی مسلسل کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔








