میپکو کے مختلف سرکلوں میں 12 ہزار 633 اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی منظوری

میپکو کے مختلف آپریشن سرکلوں میں 12 ہزار 633 اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کرنے کی منظوری، پرانے اور خراب میٹروں کی تبدیلی کو ترجیح دی جائے گی

ملتان۔ 23 اگست (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے خراب اور پرانے میٹروں کی تبدیلی اور جدید میٹرنگ سسٹم کے فروغ کے لیے مختلف آپریشن سرکلوں میں 12 ہزار 633 اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اتوار کو ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال کے مطابق میٹرز موجودہ سٹاک سے مختلف آپریشن سرکلوں کو فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ الاٹ کیے گئے میٹرز مقررہ ایس او پیز کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نصب کیے جائیں، بالخصوص پرانے اور خراب میٹروں کی تبدیلی کو ترجیح دی جائے جبکہ میٹروں کو ایم ڈی ایم سسٹم میں ایم سی اوز کی پوسٹنگ کے ذریعے فعال کیا جائے۔ملک جاوید اقبال نے کہا کہ جدید اے ایم آئی/سمارٹ میٹرز سے میٹرنگ کے نظام میں شفافیت اور درستگی بہتر ہوگی، بجلی کے استعمال کی مؤثر نگرانی ممکن بنے گی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔متعلقہ افسران میٹروں کی تنصیب اور فعالیت کے عمل کی نگرانی کریں گے۔