آئی جی اسلام آباد کی بھرتی عمل میں شفافیت، میرٹ اور شہری دوست پولیسنگ یقینی بنانے کی ہدایت

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی بھرتی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں جدید، شفاف اور شہریوں پر مبنی اقدامات اپنانے کی ہدایت

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اتوار کو ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر اور دیگر سینئر افسران کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی اور بھرتی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں جدید، شفاف اور شہریوں پر مبنی اقدامات کو اپنانے کی ہدایت کی۔

پولیس حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ اجلاس میں جاری اور آئندہ بھرتی کے عمل، عوام دوست اقدامات اور شہریوں کے لیے خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی نے اس بات پر زور دیا کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے جبکہ پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید طرز عمل اپنانا چاہیے۔اجلاس میں مختلف عوام دوست اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور شہریوں کے لیے پولیس خدمات کو مزید قابل رسائی، فوری اور موثر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سید علی ناصر رضوی نے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو فوری، موثر اور معیاری پولیس خدمات حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے سہولیات کو بہتر بنانے اور وفاقی دارالحکومت میں پولیسنگ کے مجموعی معیار میں مزید بہتری کے لیے جدید اور شہریوں پر مبنی پولیسنگ کے اقدامات کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔