رینج روڈ سے ڈھوک بنارس اور ملت آباد تک سڑک و نکاسیِ آب کے نالوں کے اہم ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا
ملک ابرار احمد اور ملک افتخار احمد نے ڈھوک بنارس روڈ کے 5 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔23اگست (اے پی پی):چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ و ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک ابرار احمد (ایم این اے)، پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوٰۃ و عشر پنجاب ملک افتخار احمد (ایم پی اے) اور رکن صوبائی اسمبلی ملک منصور افسر نے رینج روڈ سے ڈھوک بنارس اور ملت آباد تک سڑک اور اطراف میں نکاسیِ آب کے نالوں کے اہم ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
یہ منصوبہ 5 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ سے مکمل کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ابرار احمد نے کہا کہ عوامی خدمت، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رینج روڈ تا ڈھوک بنارس اور ملحقہ علاقوں میں سڑک کی ازسرنو تعمیر اور نکاسیِ آب کے مؤثر نظام کے قیام سے دیرینہ سفری اور نکاسی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو گئے ہیں۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ملک افتخار احمد کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کا سفر بلا تعطل جاری رہے گا اور علاقے کے بنیادی مسائل کا حل ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں علاقائی عمائدین، پارٹی کارکنوں اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔








