این سی سی آئی اے نے سائبر خطرات سے نمٹنے اور ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں مستحکم بنانے کے لیے 351 خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں 350 سے زائد آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ
اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے ماتحت قائم نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مستحکم بنانے اور سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک بھر سے 351 خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ان بھرتیوں میں گریڈ 14 کے 48 سب انسپکٹرز، 15 ٹیکنیکل اسسٹنٹس اور 8 سٹینو ٹائپسٹس شامل ہیں، جبکہ گریڈ 11 کے 6 اپر ڈویژن کلرکس، گریڈ 9 کے 36 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، گریڈ 5 کے 174 کانسٹیبلز اور 64 کانسٹیبل ڈرائیورز کی نشستوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی۔ مختلف کیڈرز کے لیے کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، سافٹ ویئر و الیکٹریکل انجینئرنگ میں اعلیٰ ڈگریوں سمیت گریجویشن، انٹرمیڈیٹ اور میٹرک پاس امیدواروں کو اہلیت کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔حکومتی پالیسی کے مطابق تمام نشستیں اوپن میرٹ کے علاوہ صوبائی و علاقائی کوٹے، خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد کے لیے مختص تناسب کے تحت پر کی جائیں گی۔ بھرتی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ابتدائی اسکریننگ کے تحت امیدواروں کے جسمانی پیمائش، فزیکل دوڑ اور کمپیوٹر بیسڈ تحریری امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔ اہل اور خواہشمند امیدواروں سے آن لائن درخواستیں 7 ستمبر تک طلب کی گئی ہیں، جس کے بعد قواعد و ضوابط کے تحت میرٹ لسٹیں مرتب کی جائیں گی









