سرکاری و پرائیویٹ حج سکیم کے واجبات کی وصولی جاری، حج پورٹل سے شفاف ادائیگی یقینی

حج سکیم 2027 کے واجبات کی وصولی جاری، عازمین کو رجسٹریشن، حج پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی سمیت تمام مراحل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کرنے کی سہولت

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے واجبات کی وصولی بیک وقت جاری ہے، عازمین حج کو رجسٹریشن سے لے کر حج پیکیج کے انتخاب اور واجبات کی ادائیگی تک تمام مراحل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے اپنی حج درخواست، مطلوبہ کوائف اور دستاویزات مکمل کرنے کے ساتھ حج پیکیج کا انتخاب اور واجبات کی ادائیگی بھی کر سکتے ہیں۔ سرکاری حج سکیم کے تحت اب تک 92 ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ 15 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے واجبات کی وصولی کے پہلے 5 روز کے دوران 58 ارب روپے موصول ہوئے ہیں۔ مجموعی وصولیوں میں تقریباً 40 فیصد ادائیگیاں آن لائن ہونے کو حج ڈیجیٹل نظام کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل وصولی تاریخ میں پہلی مرتبہ عمل میں لائی گئی ہے، جس کا مقصد عازمین کو آسان، محفوظ اور شفاف سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں سے حج ڈیجیٹل نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے واجبات کی آن لائن وصولی بھی اتوار سے شروع کر دی گئی ہے۔ پرائیویٹ سکیم کے عازمین بھی سرکاری عازمین کی طرح ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اپنے حج واجبات جمع کرائیں گے۔ پرائیویٹ حج سکیم میں شامل عازمین کو پہلے پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر رجسٹریشن مکمل اور اپنے کوائف درج کرنے ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ عازمین حج کے لیے بھی 16 نومبر، 2027 تک کارآمد پاسپورٹ سمیت تمام مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا بھی لازمی ہوگا۔ رجسٹریشن اور کوائف کی تکمیل کے بعد عازمین اپنی پسند کی مجاز حج کمپنی اور مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کر سکیں گے، جس کے بعد واجبات کی ادائیگی کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔پرائیویٹ حج سکیم کے واجبات ون لنک پی ایس آئی ڈی، بینک کارڈ یا بینک چالان کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے۔ مینوئل چالان کے ذریعے واجبات حبیب بینک لمیٹڈ کی مجاز شاخ میں بھی جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تعطیل کے باوجود پرائیویٹ حج سکیم کے پہلے ہی روز تقریباً 15 ملین روپے کے واجبات آن لائن وصول ہوئے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے علاوہ کسی فرد، ایجنٹ یا ادارے کو حج واجبات ادا نہ کریں۔ ترجمان کے مطابق حج پورٹل سے باہر کسی فرد یا ادارے کو کی جانے والی ادائیگی کی صورت میں ہونے والے کسی بھی مالی نقصان کی ذمہ داری متعلقہ عازم پر عائد ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ حج ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کا ریئل ٹائم ڈیٹا دستیاب ہوگا، جس سے حج آپریشن میں شفافیت مزید بہتر ہونے کے ساتھ مالی لین دین کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو چند کلکس کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن، مجاز حج کمپنی اور پیکیج کے انتخاب اور واجبات کی ادائیگی کی سہولت میسر آ گئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم کی مقررہ نشستیں مکمل ہوتے ہی بکنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا جائے گا، اس لیے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد از جلد مکمل کریں۔