پاکستان کی تہذیب، ثقافت، دستکاری اور ہنر عالمی سطح پر ہماری منفرد پہچان ہیں، چیئرمین سینیٹ
پاکستان کی تہذیب، ثقافت، دستکاری اور ہنر عالمی سطح پر ہماری پہچان ہیں ،چیئرمین سینیٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی شاندار تہذیب، ثقافت، روایات، دستکاری، فنونِ لطیفہ، ادب اور ہاتھوں سے تیار کردہ مصنوعات کے باعث دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے،پاکستانی ہنرمندوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور محنت ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان انٹیریئرز فرنیچر ایکسپواسلام آباد ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہمارے ہنرمند افراد اپنی غیر معمولی صلاحیتوں، محنت اور تخلیقی کاوشوں کے ذریعے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا نام پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی ایمبرائیڈری، فرنیچر، دستکاری اور دیگر مصنوعات نے عالمی منڈی میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے اور یہ مصنوعات پاکستان کی ثقافتی پہچان اور وجہ شہرت بن چکی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں ملک کےباصلاحیت ہنرمندوں، ڈیزائنرز اور تخلیق کاروں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور اپنی مصنوعات کو وسیع تر مارکیٹ تک پہنچانے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں، ایسی ایکسپوز سے پاکستانی فن، ثقافت اور ہنرمندی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اپنی محنت، جدوجہد اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا میں جو مقام حاصل کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے باصلاحیت افراد اور ہنرمندوں کو مزید مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کا نام مزید روشن کر سکیں۔انہوں نے پاکستان انٹیریئرز فرنیچر ایکسپو کےمنتظمین اور انتظامیہ کوشاندار نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں پاکستان کے فن،ثقافت، ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔








