انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور کا آبنائے ملاکا کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے عزم کا اعادہ

انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور نے منگل کو آبنائے ملاکا اور سنگاپور (SOMS) کو آزاد، کھلی اور محفوظ بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کے طور پر برقرار رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا ہے۔

جکارتہ ۔25اگست (اے پی پی):انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور نے منگل کو آبنائے ملاکا اور سنگاپور (SOMS) کو آزاد، کھلی اور محفوظ بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کے طور پر برقرار رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا ہے۔

شنہوا کے مطابق سنگاپور میں منعقدہ 17ویں تعاون فورم کے دوران تینوں ساحلی ممالک نے آبنائے ملاکا اور سنگاپور کی حیثیت کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے استعمال ہونے والی آبنائے کے طور پر برقرار رکھنے کی تصدیق کی۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہاں بحری جہازوں کو گزرنے کا حق (حقِ عبوری گزر) حاصل ہے، جیسا کہ 1982 کے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے قانونِ سمندر میں درج ہے اور بین الاقوامی عرفی قانون میں بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔انڈونیشیا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سی ٹرانسپورٹیشن، ملائیشیا کے میرین ڈیپارٹمنٹ اور سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ تینوں ممالک نے اصولی اور عملی دونوں سطحوں پر بحری جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔تینوں ممالک نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ استعمال کرنے والے ممالک، بین الاقوامی تنظیمیں، بحری صنعت اور دیگر متعلقہ فریق آبنائے ملاکا اور سنگاپور میں بحری آمدورفت کی سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کی ذمہ داری بانٹنے اور اس میں کردار ادا کرنے میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔