پنجاب کے سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ، صوبائی وزیر تعلیم نے منظوری دے دی

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کا بڑا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں تمام چیئرمین بورڈز اور صوبے بھر کے سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو سپورٹس ایکشن پلان پر مفصل بریفننگ دی گئی۔

لاہور۔25اگست (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کا بڑا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں تمام چیئرمین بورڈز اور صوبے بھر کے سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو سپورٹس ایکشن پلان پر مفصل بریفننگ دی گئی۔رانا سکندر حیات نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آئندہ 3 سالوں کی جامع پالیسی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹ منعقد کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک سکولوں کے درمیان مرکز، تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ لاہور بورڈ کی میزبانی میں ہوگا۔اس موقع پر وزیر تعلیم نے ہر کیٹیگری کیلئے انعامی رقم بڑھا کر5 لاکھ،3 لاکھ اور1 لاکھ مقرر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبا اور طالبات دونوں کیلئے الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر صلاحیتوں کی پرورش کریں گے۔ایونٹس میں جو ٹیلنٹ دکھائے گا،اسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ کبھی سکول کھیلوں کی نرسریاں ہوا کرتے تھے، 80 اور90 کی دہائی میں تعلیمی اداروں نے ملک کو بہترین کھلاڑی دیئے۔

وزیر تعلیم نے اجلاس کو سپورٹس کٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد تعلیمی بورڈز کا مینڈیٹ ہے،اسے ہر صورت جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا اقدام طلبا کی تعلیمی دلچسپی میں بھی اضافہ کرے گا۔اگلے سال کھیلوں کی بحالی کے سفر میں نجی سکولوں کو بھی برابر شامل کیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کھیلوں کی طرح سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کی جلد بحالی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔قبل ازیں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ تمام35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ اب تک450 سکولوں میں کھیلوں کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔جلد دیگر سکولوں کو بھی سپورٹس کٹ فراہم کر دی جائیں گی۔

مزید خبریں