پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشین باکسر ایرگی آرگسٹا کیخلاف اپنی 19ویں فائٹ لڑیں گے۔ منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نےکہا کہ ان کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان، گلگت بلتستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنا ہے، میڈیا نے ان کے کیریئر کے آغاز سے بھرپور ساتھ دیا جس پر وہ …
پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشین باکسر ایرگی آرگسٹا کیخلاف اپنی 19ویں فائٹ لڑیں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشین باکسر ایرگی آرگسٹا کیخلاف اپنی 19ویں فائٹ لڑیں گے۔ منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نےکہا کہ ان کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان، گلگت بلتستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنا ہے، میڈیا نے ان کے کیریئر کے آغاز سے بھرپور ساتھ دیا جس پر وہ صحافی برادری کے شکر گزار ہیں۔عثمان وزیر نے کہا کہ 2015ء سے وہ بین الاقوامی سطح پر پروفیشنل باکسنگ کر رہے ہیں اور پاکستان کے لیے مختلف ٹائٹلز جیت چکے ہیں، ان کی آئندہ فائٹ ان کے کیریئر کے لیے اہم ہے جس کے بعد وہ مزید بڑے ٹائٹلز کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مثال بننا چاہتے ہیں اور مستقبل میں بھی باکسنگ کے فروغ کے لیے کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے اپنی فائٹ کے لیے مالی اور انتظامی تعاون پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان و دیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے لانے کے لیے حکومت، اداروں اور سپانسرز کی مسلسل سرپرستی کی ضرورت ہوتی ہے۔عثمان وزیر نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ تمام کھیلوں اور کھلاڑیوں کو یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی کی کامیابی کے پیچھے کئی سال کی محنت، تربیت، غذائیت، میڈیکل سپورٹ اور دیگر اخراجات شامل ہوتے ہیں جنہیں عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نئی نسل کے باکسرز کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی بھی کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع مل سکیں۔ پاکستان میں بے شمار باصلاحیت فائٹرز موجود ہیں جنہیں مناسب مواقع اور سہولیات کی ضرورت ہے۔باکسر عثمان وزیر نے بتایا کہ ایشیا میں ان کی یہ آخری فائٹ ہوگی جس کے بعد وہ آسٹریلیا منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ان کی فائٹ بھی شیڈول ہے جبکہ مستقبل میں انڈونیشیا، برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی مقابلوں میں شرکت کا منصوبہ ہے۔انہوں نے نیشنل پریس کلب اور صحافیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے ان کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا آغاز ہوا اور میڈیا نے ابتدا ہی سے ان کی حوصلہ افزائی کی جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔








