پشاور کی تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری

ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی شہر کی مختلف تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے سے جاری بیان کے مطابق جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات سے انتظامی افسران کو آگاہ کیا

پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی شہر کی مختلف تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے سے جاری بیان کے مطابق جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات سے انتظامی افسران کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایت پر سروس ڈیلیوری سنٹر کوہاٹ روڈ اور طہماس خان سٹیڈیم میں منعقدہ کھلی کچہریوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو سٹاف، ضلعی محکموں کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔سروس ڈیلیوری سنٹر کوہاٹ روڈ میں منعقدہ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر متنی سعید منان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ خان، ریونیو سٹاف اور بڑی تعداد میں سائلین شریک ہوئے جبکہ طہماس خان سٹیڈیم میں منعقدہ کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سٹی فضاء حسن، متعلقہ محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف اور شہریوں نے شرکت کی۔ عوام کی سہولت اور زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لیے کھلی کچہری سے قبل علاقے میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو آگاہ بھی کیا گیا۔کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے اور متعدد سائلین نے اپنے مسائل کے حل کے لیے تحریری درخواستیں بھی جمع کرائیں۔

زیادہ تر ریونیو اور دیگر انتظامی نوعیت کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں جبکہ درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے سائلین کو بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر انتظامی افسران نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور عوامی مسائل کے فوری حل اور عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنا، شہریوں کو براہِ راست انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کے مطابق عوامی مسائل کا ان کی دہلیز پر فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے پشاور کی تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے حل کو یقینی بنایا جائے اور درخواست دہندگان کو پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے۔

مزید خبریں