چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی شرکت کے لئے کمبوڈیا پہنچ گئے

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی شرکت کے لئے کمبوڈیا پہنچ گئے

نوم پنہہ۔25اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لئے کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہہ پہنچ گئے۔ کمبوڈیا کی سینیٹ اور شاہی حکومت کے اعلیٰ حکام نے چیئرمین سینیٹ کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں سینیٹر مان چورن، کمبوڈیا کی سینیٹ کی کمیشن برائے تعلیم، نوجوانان و کھیل، مذہبی امور، ثقافت، فنونِ لطیفہ اور سیاحت کے نائب صدر، بن ووتھیا، جنرل ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف لیگل سروسز اینڈ کلیکٹو ٹیریٹری، سیکرٹریٹ جنرل سینیٹ آف کمبوڈیا؛ معزز سینیٹر سلیس پنایامن اور کنڈال صوبے کے ڈپٹی گورنر معزز نوپ دارا شامل تھے۔

اس موقع پر کمبوڈیا میں پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھہیم بھی موجود تھے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کی میزبانی پر کمبوڈیا کی سینیٹ اور شاہی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی تعاون، بامعنی مکالمے اور اقوام کے درمیان امن، باہمی افہام و تفہیم اور پائیدار ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں کے فروغ کے عزم پر قائم ہے۔بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا پہلا اجلاس نومبر 2025ء میں پاکستان میں منعقد ہوا تھا جبکہ دوسری کانفرنس کی میزبانی مملکتِ کمبوڈیا کر رہی ہے جو بین الپارلیمانی شراکت داری اور تعاون کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے کی عکاس ہے۔

اس موقع پر سینیٹر سلیس پنایامن نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرنا کمبوڈیا کے لئے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر سامدیک اکّا موہا سینا پادی تیکو ہن سین کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دیرینہ اور دوستانہ تعلقات دونوں پارلیمانوں کے مابین دوستی اور اعتماد کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں، جس کے باعث کمبوڈیا میں اس کانفرنس کا انعقاد خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے ایک مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ امن، شمولیت اور علاقائی و عالمی چیلنجز کے لئے مشترکہ اور مؤثر حل تلاش کرنے میں پارلیمانی سفارتکاری کے ناگزیر کردار کو اجاگر کریں گے۔کانفرنس کے موقع پر چیئرمین سینیٹ شریک ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں پاکستان کی فعال شرکت کثیرالجہتی نظام، مکالمے اور پارلیمانی روابط کے ذریعے عالمی و علاقائی امن کے فروغ کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔ہوٹل پہنچنے پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ایک ناتھ ڈھاکل اور کانفرنس سیکرٹریٹ کے ارکان نے پرتپاک اور شاندار استقبال کیا۔

 

مزید خبریں