قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لئے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت کا مظہر ہے، یہ مبارک دن ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ ﷺ کے مطابق ڈھالنے اور …

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لئے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت کا مظہر ہے، یہ مبارک دن ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ ﷺ کے مطابق ڈھالنے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانے کا پیغام دیتا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو امن، محبت، اخوت، مساوات، عدل و انصاف، رواداری اور احترامِ انسانیت کا وہ جامع نظام عطا فرمایا جو ہر دور میں انسانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا، آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لئے کردار، اخلاق، برداشت، عفو و درگزر اور خدمتِ خلق کا بہترین نمونہ ہے۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ آج کے دور میں دنیا کو جن مسائل، تنازعات اور عدم برداشت کا سامنا ہے، ان کا پائیدار حل سیرتِ طیبہ ﷺ کے آفاقی اصولوں میں موجود ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی زندگی سے لے کر قومی اور اجتماعی معاملات تک دیانت، انصاف، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو کم کریں، اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں اور معاشرے میں بھائی چارے، محبت اور خیر خواہی کی فضا قائم کریں، ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان اسی وقت تشکیل پا سکتا ہے جب ہم اپنی اجتماعی زندگی کو عدل، مساوات اور اخوت کے اصولوں پر استوار کریں۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے کمزوروں، یتیموں، مسکینوں، ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تعلیم دی، اس لئے ہمیں اس مبارک موقع پر معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے اور ان کی عملی مدد کو اپنا اخلاقی و دینی فریضہ سمجھنا چاہئے۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ اور آپ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، نئی نسل میں اعلیٰ اخلاق، سچائی، دیانت، ذمہ داری، برداشت اور خدمتِ وطن کا جذبہ پیدا کر کے ہی ہم ایک مضبوط، باکردار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے اور ہماری قومی زندگی میں اسلامی تعلیمات بالخصوص عدل، مساوات، اخوت اور انسانی احترام کے اصولوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہئے، ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنے کردار اور عمل سے سیرتِ طیبہ ﷺ کے روشن پیغام کو آگے بڑھائیں گے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کو سمجھنے اور اس پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا کرے، امتِ مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی نصیب فرمائے اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں، بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ظلم و جبر سے نجات اور آزادی عطا فرمائے۔