گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت اور امن کا ابدی پیغام لے کر آئی
گورنر خیبر پختونخوا کی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد

مزید خبریں
پشاور۔ 26 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت اور امن کا ابدی پیغام لے کر آئی۔ 12 ربیع الاول 1448ھ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی اور بہترین نمونہ فراہم کرتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے انسانیت کو علم و شعور، عدل و انصاف، اخوت و مساوات، برداشت اور باہمی احترام کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمیں نفرت، تعصب اور انتہا پسندی سے اجتناب کرتے ہوئے معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا درس دیتی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کے سنہری اصول ہمارے لیے فلاحی، پرامن اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں مشعلِ راہ ہیں۔ سیرتِ رسول اکرم ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم معاشرے میں اتحاد، اخوت، مساوات اور انسانیت کی حقیقی اقدار کو فروغ دے سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے اور آپ ﷺ کی محبت کو اپنی زندگیوں کا عملی حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔








