پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی اموات پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا اظہارِ افسوس

پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی اموات پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومولود بچوں کی اموات کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، معصوم بچوں کی اموات پر والدین اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی اموات پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومولود بچوں کی اموات کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، معصوم بچوں کی اموات پر والدین اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں نومولود اور حساس مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے، ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے، ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی نظام مزید مؤثر بنایا جائے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوار والدین اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبریں