کیپٹن ریٹائرڈ محمود کو وفاقی سیکرٹری صحت کا اضافی چارج مل گیا

کیپٹن ریٹائرڈ محمود کو وفاقی سیکرٹری صحت کا اضافی چارج مل گیا

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے بی ایس 21 کے افسر کپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کے عہدے کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد محمود اس وقت سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے طور پر تعینات ہیں، اور ان کا اضافی چارج سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت تین ماہ کی مدت کے لیے یا باقاعدہ عہدے پر تعینات ہونے تک دیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔اس کے علاوہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سیکرٹریٹ گروپ کے BS-22 کے افسر اور نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کے سیکرٹری کے طور پر کام کرنے والے محمد اسلم غوری کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلم غوری کو ابتدائی طور پر سول سرونٹس (کارکردگی اور نظم و ضبط) رولز 2020 کے قاعدہ 5 کے تحت 120 دنوں کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے واقعے میں بچوں کی ہلاکت پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کی۔پی ایم آفس میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سیکریٹری صحت اسلم غوری کو معطل کردیا اور انہیں اجلاس چھوڑنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پمز ہسپتال کی نرسری میں ہونے والی المناک آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے نومولود کے والدین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیر اعظم نے واقعے کو ‘دل کو دہلا دینے والا’ قرار دیا اور کہا کہ حکومت سوگوار والدین کے دکھ میں شریک ہے۔اس دوران ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

مزید خبریں