نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی لندن میں دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوچوے سے ملاقات ،دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر زور
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی لندن میں دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوچوے سے ملاقات ،دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو لندن میں مارلبورو ہاؤس میں دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوچوے سے ملاقات کی،پاکستان کے بانی رکن کی حیثیت سے دولتِ مشترکہ کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تنظیم کو مضبوط بنانے کیلئے سیکرٹری جنرل کے وژن اور کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔
بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈارنے دولتِ مشترکہ کے نوجوانوں، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی ترقی کے ایجنڈوں کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیااور ادارہ جاتی بینکاری کے شعبے میں تعاون کے ذریعے دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر بھی زور دیا۔
موسمیاتی اثرات میں کمی اور آفات سے نمٹنے کے شعبے میں پاکستان کی مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک پاکستان کی مہارت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں دولتِ مشترکہ ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب کی میزبانی کی پاکستان کی پیشکش کا بھی اعادہ کیا۔سیکرٹری جنرل نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سیکرٹریٹ دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کی آفات سے قبل تیاری اور ان سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
نوجوانوں کی ترقی کے فروغ کے لیے دونوں رہنماؤں نے دولتِ مشترکہ کے یوتھ منسٹرز اجلاس (CYMM) کی پاکستان کی مشترکہ سربراہی کے تحت نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تاکہ نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ فوائد اور مواقع یقینی بنائے جا سکیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل شرلی بوچوے کو مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت بشمول امریکہ اور ایران کے درمیان قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔
سیکرٹری جنرل نے پاکستان بالخصوص نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی اور انتھک کوششوں پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے ایک تباہ کن جنگ کو ٹالنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔







