چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ آف کمبوڈیا کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ آف کمبوڈیا کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت

پنوم پن۔26اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (ISC) کے موقع پر ان کے اعزاز میں سینیٹ آف کمبوڈیا کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔یہ ظہرانہ نیاک اوکنا داتوک ڈاکٹر اوتھسمان حسن سینئر وزیر رائل گورنمنٹ آف کمبوڈیااور انچارج خصوصی مشن کی جانب سے دیا گیا۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ظہرانے کے دوران ہونے والی گفتگو میں امن، مکالمے اور بین الپارلیمانی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس امر پر زور دیا کہ آئی ایس سی کے ذریعے ان کا بنیادی مقصد پارلیمانی سفارت کاری اور اجتماعی قانون سازی کے ذریعے دنیا میں امن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس سپیکرز اور پارلیمانی سربراہان کو مشترکہ چیلنجز پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور اقوام کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

انڈونیشیا کی ایوانِ نمائندگانِ علاقائی کے سپیکر ڈاکٹر سلطان بختیار نجم الدین بھی ظہرانے میں موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور انڈونیشین سپیکر نے آئی ایس سی کے ایجنڈے، بین الپارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔شرکاء نے مشترکہ امور اور علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانون ساز اداروں کی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں آئی ایس سی کے اہم کردار کو سراہا۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ مسلسل اور مؤثر بین الپارلیمانی روابط تنازعات کے پرامن حل، باہمی اعتماد کے فروغ اور خطے میں مزید مضبوط روابط کے قیام میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آئی ایس سی کے مقاصد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کمبوڈیا میں منعقد ہونے والی دوسری آئی ایس سی بین الپارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی امن کے فروغ کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ظہرانے میں کمبوڈیا میں پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھیم، چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور آئی ایس سی کے لیے سفیر مصباح کھر، رکن قومی اسمبلی شمیلہ رانا اور انڈونیشین سینیٹر میراح مِدادان فہمیڈ بھی شریک تھے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (ISC) کے ایک مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے اور کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں بھی کریں گے۔