وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر کی الوداعی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت ، فراخدلانہ معاونت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا ہے۔

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت ، فراخدلانہ معاونت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی تکمیل پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے مزید استحکام کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں