وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سےقطر کے شہزادہ شیخ نائف بن عید آل ثانی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے قطری شہزادے شیخ نایف بن عید آل ثانی کی ملاقات، پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سےقطر کے شہزادہ شیخ نائف بن عید آل ثانی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین مضبوط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ قطر میں ہزاروں اوورسیز پاکستانی تعلیم اور روزگار کے شعبوں سے وابستہ ہو کر دونوں ممالک کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے لیے "جوائنٹ وینچرز” کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قطر کی جانب سے ہر قسم کی سرمایہ کاری کا دلی خیر مقدم کرے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کاروباری شراکت داری دونوں برادر ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے خطے میں قطر کے فعال اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک ایران امن کاوشوں میں قطر کی شراکت کو پاکستان انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اس موقع پر قطری شہزادے شیخ نائف بن عید آل ثانی نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور شیخ نایف بن عید آل ثانی نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور روایتی تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔








