تھانہ کورال کی حدود سے بھتہ وصول کرنے والے ملزمان گرفتار

اسلام آباد پولیس نے تھانہ کورال کی حدود غوری ٹاؤن میں شہریوں کو ہراساں کرکے بھتہ وصول کرنے والے ملزمان کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے تھانہ کورال کی حدود غوری ٹاؤن میں شہریوں کو ہراساں کرکے بھتہ وصول کرنے والے ملزمان کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کورال پولیس نے سکیورٹی چارجز کے نام پر شہریوں اور پلاٹ مالکان سے بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان کامران مجید اور کاشف کو گرفتار کر لیا ۔گرفتار ملزمان کامران مجید اور کاشف شہریوں کے گھروں اور پلاٹس پر جا کر بھتہ وصول کرتے تھے۔ملزمان بالخصوص غیر رہائشی پلاٹ مالکان کو بلیک میل اور ہراساں کرکے بھاری رقوم وصول کرنے میں ملوث تھے۔شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔

ایس ایچ او کورال عامر حیات کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو بھتہ وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاـگرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آبادکا کہنا ہے کہ بھتہ خوری میں ملوث دیگر ساتھیوں اور پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ۔شہریوں کو دھمکانا، ہراساں کرنا اور بھتہ وصول کرنا ناقابلِ برداشت عمل ہے، ملوث عناصر کےخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی ۔شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف اور ان کی ٹیم کو موثر کارروائی پر شاباش دی شہری کسی بھی قسم کی بھتہ خوری یا ہراساں کئے جانے کے صورت میں فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔